(ویب ڈیسک)اداکارہ جیکلین فرنینڈس کی مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا چلا جا رہا ہے، گزشتہ روز کروڑوں روپے کی منی لانڈنگ کیس میں ملوث سکیش چندرا شیکھر سے جیکلین کے قریبی تعلقات کا انکشاف ہوا تھا اب اداکارہ کے لئے نئی مشکل کھڑی ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیکلین فرنینڈس پر الزام ہے کہ انہوں نے سکیش چندرا سے کروڑوں روپے کے تحائف لے رکھے ہیں۔ اب اداکار سلمان خان نے منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین کا نام آنے کے بعد اداکارہ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔
بالی ووڈ رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے یہ قدم جیکلین فرنینڈس کا نام منی لانڈرنگ کیس میں آنے اٹھایا، رپورٹس کے مطابق دبنگ خان ریاض میں ہونے والے دبنگ کنسرٹ کے لیے اب جیکولین کی جگہ کسی اور چہرے کی تلاش میں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی بالی ووڈ اداکارہ کو ممبئی ایئر پورٹ پر بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا تھا، جیکلین کو دبئی میں ایک شو میں شرکت کے لیے جانا تھا امیگریشن حکام نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بالی وڈ اداکارہ نورا فتیحی سے متعلق بھی انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فراڈ اور بھتہ خوری کے کیس میں ملوث ملزم سکیش چندر شیکھر سے قیمتی تحفہ لیا،انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے حال ہی میں سکیش چندر شیکھر کے خلاف جاری کی گئی چارج شیٹ میں نورا فتیحی کا نام بھی شامل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس چارج شیٹ میں بتایا گیا ہےکہ سکیش چندر شیکھر نے نورا فتیحی کو بھی ایک مہنگی گاڑی تحفے میں دی تھی۔