(فہدعلی ) گرومانگٹ روڈ پر گھر میں آگ لگنے سے بزرگ شہری جھلس کر جاں بحق، پولیس نے لاش تحویل میں لے کر کارروائی شروع کردی۔
ریسکیو کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ گرومانگٹ روڈ پر گھر میں آگ لگ گئی ہے، ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ریسکیو کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے باعث 85 سالہ تاج دین جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور لاش کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گھر میں آگ گیس سلنڈر کے باعث لگی،تاج دین کی چارپائی میں آگ لگنے کے باعث تاج دین موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ لاش تحویل میں لیکر مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔