(علی ساہی ) جیل عملے کی نا اہلی یاملزم سے ملی بھگت، کیمپ جیل سےچوری، ڈکیتی کا ملزم چکمہ دیکر فرار ہوگیا، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 7اہلکاروں کو معطل کرکے اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ شادمان میں درخواست،بعدازاں جیل عملے نےگوالمنڈی پولیس کے ساتھ ملکر ملزم کوگرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزکیمپ جیل سے46قیدیوں کو رہا کیاگیا۔اس دوران گوالمنڈی تھانےمیں چوری اورڈکیتی کے کیس میں 2روزقبل جیل آنے والا ملزم عبداللہ بھی جیل میں سخت سکیورٹی ہونے کے باوجود جیل عملے کی نظروں سے بچ کر فرار ہوہوگیا۔ جیل حکام کے مطابق ملزم نے عبدالغفارنامی قیدی کے رہائی کے کاغذات کو استعمال کیا۔ جیل حکام کے مطابق رہا ہونیوالےقیدیوں کی 6جگہ کاغذات سمیت چیکنگ کی جاتی ہے،آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں تصدیق کی جاتی ہے، اس کے باوجود ملزم کا فرارہونا جیل عملے کی ملی بھگت کی نشاندہی کرتا ہے۔
واقعہ پرسپرنٹنڈنٹ جیل اسد وڑائچ نے ڈیوٹی پرموجود اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 7 ملازمین کو معطل کر دیا، فرحت نذیر ،اللہ وسایا،امجد اور عدنان کو معطل کیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کے حکم پر ڈی آئی جی جیل لاہور سمیت 3افسران نے انکوائری شروع کردی ہے، سپرنٹنڈنٹ جیل نے 7ملازمین اور فرارہونے والے ملزم عبداللہ پر اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ شادمان میں درخواست دی۔بعد ازاں جیل عملہ نے تھانہ گوالمنڈی پولیس کے ساتھ ملکر ملزم کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔