امیدواروں نے پی پی ایس سی کی کارکردگی کا پول کھول دیا

6 Dec, 2020 | 02:30 PM

M .SAJID .KHAN

(سعودبٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن کا لیکچرارز کی آسامیوں پر امتحانات مکمل ہوگئے۔ طلبہ کے والدین نے سہولیات کی عدم فراہمی پر اظہار برہمی کیا۔

تفصیلات کے مطابق امتحانات کے دوسرے روزجوہر ٹائون امتحانی مرکز میں باٹنی،عربی اور فزکس کے لیکچرارز کی آسامیوں پر تحریری امتحان لئے گئے۔امتحان کی پہلی شفٹ دن 10:30 جبکہ دوسری شفٹ دوپہر 1:30 بجے شروع ہوئی۔ تحریری امتحان میں 100 معروضی سوالات رکھے گئے تھے۔امتحان دینے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ سینٹر کے اندر طلبہ کو ماسک، سینیٹائز اور پانی کی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جس سے مشکلات پیش آئیں۔

امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین کے لئے انتظامات کا فقدان نظر آیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ اوقات کار کے دوران سڑک پر بیٹھنے پر مجبور ہیں، نہ کوئی بیٹھنے کی جگہ ہے نہ پانی کی سہولیات۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے باعث انسداد کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

پبلک سروس کمیشن امتحانی مرکز کی شاہراہ زیر تعمیر ہونے کے باعث ہر جگہ مٹی ہی مٹی نظر آئی جس سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنہ رہا۔کروڑوں کا بجٹ ہونے کے باوجود پبلک سروس کمیشن امیدواروں اور انکے والدین کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ بہتر سہولیات میسر ہوں تو امتحانات دینے میں مزید آسانی پیدا ہو سکتی ہے۔

گزشتہ روز کورونا وباء کے باوجود لیکچررز کی بھرتی کے لئےامیدواروں سے تاریخ کا پیپر لیا گیا،کسی بھی امیدواروں کو بغیر ماسک داخلے کی اجازت نہیں دی گئی،امیدواروں نے کورونا وباء کے دوران امتحان لینے پر انتظامیہ کو شدید تنقیدکانشانہ بنایا۔پی پی ایس سی نے شیڈول تبدیل کرنے کی بجائے لیکچررز کی بھرتی کے لئے نئی گائڈ لائن کے مطابق پیپر لینا شروع کردیئے ہیں۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کورونا کیسز بڑھنے کے باوجود امتحان لینے کی ضد پر قائم ہے۔

مزیدخبریں