ڈیفنس (زین مدنی )پاکستان کے لیجنڈ گلوکار عطااللہ خان عیسی خیلوی موت سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں زندہ اور صحت مند ہوں تاہم مجھے بھی میری موت کی اطلاع دی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں لیجنڈ گلوکار سے متعلق تیسری بار یہ افواہیں منظرِ عام پر آئی تھیں کہ ان کا انتقال ہوگیا ہے تاہم ایسی تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہوں نے پہلے ایک پوسٹ پھر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔گلوکار نے فیس بک پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا اور بتایا کہ میں زندہ اور صحت مند ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے میری موت کی اطلاع مل گئی تھی۔انہوں نے افواہوں کی وجہ سے پریشان اپنے مداحوں اورچاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سب مجھے اپنی دعاں میں ضرور یاد رکھیں۔ واضح رہے کہ گلوکار 2018 کے بعد مختلف اوقات میں کچھ بیماریوں کے باعث مختصر وقت کے لیے ہسپتال میں زیر علاج بھی رہے اور اسی دوران ہی ان کے حوالے سے غلط خبریں وائرل ہوئیں۔