وزیر اعلی پنجاب اور رانا ثنا اللہ کو مستعفی ہو جانا چاہیئے: میاں محمودالرشید

6 Dec, 2017 | 03:09 PM

(قذافی بٹ ): اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے جسٹس علی باقر نجفی رپورٹ کی روشنی میں جے آئی ٹی بنائی جائے۔ عوامی تحریک نے انصاف کے حصول کے لیے دھرنا دیا توان کا ساتھ دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ میں واضح طور پر شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کو سانحے کا ذمے دار ٹہرایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی رضا مندی کے بغیر آپریشن نہیں ہو سکتا۔ رپورٹ کے منظر عام پر آجانے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب اور رانا ثنااللہ کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔ رانا ثنااللہ پورے واقعے کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔

میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعے میں ملوث نہیں تھی تو پھر سوا تین سال تک رپورٹ کو کیوں منظر عام پر نہیں لایا گیا۔ ملک میں پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے نئے انتخابات کرانا ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش میں لگے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں