(عفیفہ نصراللہ): بھارت کو ناکوں چنے چبوانے والے قوم کے بہادر سپوت اور قومی ہیرو میجر شبیر شریف شہید کا 46 واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، انہوں نے چھ دسمبر 1971ء کو ملک و قوم کیلئے اپنی جان قربان کی تھی۔
پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف شہید نشان حیدر کا 46 واں یوم شہادت آ ج منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، ہر سال ان کے مزار پر فاتحہ خوانی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جاتی ہے۔ میجر شبیر شریف شہید 28 اپریل 1943ء کو ضلع گجرات کے علاقہ کنجاہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے لاہور کے سینٹ انتھونی سکول اور گورنمنٹ کالج جیسے اداروں میں تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے 19 اپریل 1964ء میں فوج میں شمولیت اختیار کی،3 دسمبر 1971ء کو وہ بطور کمپنی کمانڈر فرنٹیئر فورس رجمنٹ ہیڈ سلیمانکی کے محاذ پر تعینات تھے، اس دوران انہوں نے دشمن فوجیوں اور ٹینکوں کو بھاری نقصان پہنچایا ،6 دسمبر 1971ء کو ملک و قوم کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔
شہادت کے وقت ان کی عمر 28 برس تھی، ان کی ہمت اور بہادری کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں سب سے بڑے ملٹری اعزاز نشان حیدر سے نوازا۔ میجر شبیر شریف شہید میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے بھانجے تھے۔