اویس کیانی : وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس 2024 کے جولین تھرو کے مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دی گئی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ نے اپنی شاندار کارکردگی اور انتھک محنت سے پوری قوم کے دل جیت لئے ۔ جولین تھرو کھیل کی ترویج کے لیے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں ، آپ کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مارچ 2024 میں وزیراعظم ہاؤس میں ارشد ندیم سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہوئی ۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت پاکستان میں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی ۔
وزیراعظم نے اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے دعاء اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔