ویب ڈیسک :بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف اپنی پُرکشش شخصیت کی وجہ سے مداحوں کو متاثر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
فلموں میں اپنے ایکشن سیکوئنس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے لچکیلے سگنیچر ڈانس مووز کی بدولت بھی انٹرنیٹ پر اکثر دھوم مچا دیتے ہیں۔
ڈیبیو فلم ‘ہیرو پنتی‘ کا گانا 'وِسل بجا' ہو یا 'جئے جئے شیوشنکر'، ٹائیگر اپنے مسحور کُن ڈانس اسٹیپس سے مداحوں کو یہ سوچنے پر مجبور کردیتے ہیں کہ وہ انسان ہیں یا کوئی موم کا پتلا۔
رقص میں اپنی مہارت کی بدولت سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے اداکار ٹائیگر شروف نے فلموں میں مسلسل ناکامی کے بعد اپنےکیریئر کا اہم فیصلہ لے لیا۔
اداکار ٹائیگر شروف کی جانب سے ممبئی میں اپنی پہلی ڈانس اکیڈمی‘میٹرکس‘ کا افتتاح کردیا گیا ہے جس کے ذریعے ٹائیگر اپنے ڈانس کے ٹیلنٹ کو نیکسٹ لیول پر لے کر جارہے ہیں۔
یاد رہے اداکار ٹائیگر شروف 'پرول' کے نام سے اپنا ایک ایکٹو ویئر اور اسیسریز کا وینچر پہلے ہی کامیابی سے چلارہے ہیں تاہم 'ایم ایم اے میٹرکس' کے نام سے یہ ڈانس اکیڈمی اب ان کی کاروباری مصروفیات میں نیا اضافہ ہے۔
میٹرکس ڈانس اکیڈمی کے حوالے سے اداکار کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ممبئی میں قائم اس اکیڈمی کے ذریعے رقص کے دلدادہ افراد ٹائیگر شروف کے رقص کی مختلف قسمیں، مثلاً کنٹمپریری، جاز، ہپ ہاپ اور دیگر اسٹائل سیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ اداکار ٹائیگر شروف اکشے کمار کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم ‘بڑے میاں چھوٹے میاں‘ کی ناکامی کے بعد اب کیریئر کے محاذ پر اپنی آنے والی فلم ‘باغی 4‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔