24 کروڑ پاکستانیوں کو آخر کار پیرس اولمپکس میں اپنے ہیرو کو گولڈ میڈل کے لئے جدوجہد کرتے دیکھنے کا موقع مل گیا۔پیرس اولمپکس میں پاکستان کے ارشد ندیم جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے۔
پیرس اولمپکس 2024 میں منگل کو نیزہ پھینکنے (جیولن تھرو) کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم کو پہلی ہی تھرو سے فائنل میں براہ راست جگہ مل گئی۔
نیزہ پھینکنے کے ایونٹ میں فائنل میں براہ راست رسائی کے لئے ارشد ندیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں کم از کم 84 میٹر تھرو کرنا تھی۔
ارشد ندیم نے پہلی ہی کوشش میں 86.59 میٹر دور نیزہ پھینک کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ارشد ندیم اب 8 اگست کو جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں اپنا ہنر دکھانے کا موقع ملے گا۔
یہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں دوسرا فائنل ہے، ٹوکیو میں ہونے والی اولمپک گیمز میں ارشد ندیم پانچویں پوزیشن حاصل کر سکےتھے۔
گروپ بی میں ہی شامل بھارت کے نیرج چوپڑا ن بھی جیولن تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ بھارتی نیزہ باز نے ارشد ندیم سے کچھ آگے نیزہ پھینکا۔ نیرج چوپڑا کا جیولن پہلی بار میں 89.34 میٹر دور گرا جس کے بعد انہوں نے بھی جیولن تھرو کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں گروپ بی میں بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے، گریناڈا سے تعلق رکھنے والے اے پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور وہ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم 86.59 میٹر کی تھری کرکے تیسرے نمبر پر رہے۔
جیولن تھرو کے مقابلوں میں گروپ اے سے 4 کھلاڑیوں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، جرمنی کے جولین ویبر 87.76 میٹر کی تھرو کی اور وہ پہلے نمبر پر رہے، کینیا کے جولیس ییگو 85.97 میٹر کی تھرو کی۔
گروپ اے سے تیسرے نمبر پر رہنے والے چیک جمہوریہ کے جیکب وڈلیچ نے 85.63 میٹر کی تھرو کی، فن لینڈ کے ٹونی کیرنن نے 85.27 میٹر کی تھرو کی اور وہ گروپ میں چوتھے نمبر پر رہے۔
پیرس روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا تھا کہ میں پوری طرح فٹ اور اچھی طرح سے تیار ہوں، میں نے اس ایونٹ کے لیے بہت محنت کی ہے، میں پاکستان کے لیے میڈل لانے کی بھرپور کوشش کروں گا، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاؤں گا۔