بنگلہ د یش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کا گھر نذر آتش

6 Aug, 2024 | 03:25 PM

ویب ڈیسک:بنگلہ دیش میں جاری حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مظاہرین نے عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ اور بنگلہ د یشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ کا گھر نذر آتش کردیا۔

بنگلادیش کے مقامی اخبار کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد مظاہرین نے کھلنا کے ضلع نڑائل میں واقع مشرفی مرتضیٰ کے گھر کو آگ لگادی, مظاہرین نے بنگلادیش کے دیگر شہروں میں بھی عوامی لیگ کے اراکین پارلیمنٹ کے گھروں اور عوامی لیگ کے دفاتر پر حملے کیے۔

بنگلادیش کے مقامی اخبار ڈیلی اسٹار کے مطابق شیخ حسینہ واجد کے مستعفی ہونے اور ملک سے فرار ہونے کے بعد مظاہرین نے ڈھاکا کے علاقے گلستان میں واقع عوامی لیگ کے ہیڈ کواٹرز کو آگ لگادی۔

مظاہرین نے بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ 32 دھان منڈی، جو اب بنگا بندھو میمورئیل میوزیم ہے، کو بھی آگ لگادی۔

یاد رہے کہ 32 دھان منڈی ڈھاکا میں شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ تھی اور یہیں 15 اگست 1975 کو فوجی بغاوت کے دوران انہیں قتل کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں