ویب ڈیسک: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز گراہم تھارپ 55 سال کی عمر میں چل بسے۔
رپورٹس کے مطابق گراہم تھورپ 2022 سے شدید بیمار تھے اور ان کا علاج جاری تھا، البتہ ان کی بیماری کی وجوہات سامنے نہیں آئی تھیں۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے ان کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے گراہم تھارپ کے انتقال کر جاری تعزتی بیان میں کہا ہے کہ ان کی موت سے ہمیں کتنا صدمہ پہنچا ہے۔ اس کے لیے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
گراہم تھارپ نے 1993 سے 2005 تک انگلینڈ کی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے انگلش ٹیم کی جانب سے 100 ٹیسٹ میچز اور 82 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ ان کا شمار انگلینڈ کے کامیاب بلے بازوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ٹیسٹ کیریئر میں 16 سنچریوں کی مدد سے 6744 رنز بنائے جب کہ وہ سرے کاؤںٹی کرکٹ کلب کی جانب سے 1988 سے 2005 تک کاؤنٹی کرکٹ کھیلے جہاں انہوں نے 20 ہزار کے قریب سکور بنائے۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد گراہم تھارپ نے بیٹنگ کوچ کی ذمے داری بھی نبھائی اور وہ 2019 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی انگلینڈ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا حصہ تھے۔
سابق کرکٹر کو 2022 میں افغانستان کی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تاہم اُن کی صحت شدید خراب ہو گئی تھی۔ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے تھارپ کو دنیا کے بہترین لیفٹ ہینڈرز میں شامل کیا ہے۔
دوسری جانب انگلینڈ ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ ’کرکٹ کی دنیا آج سوگ میں ہے۔ ہم امینڈا، اُن کے بچوں اور والد جیف اور تمام اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ اس ناقابلِ یقین دکھ کی گھڑی میں کھڑے ہیں۔ ہم کرکٹ کے لیے گراہم کی غیر معمولی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔