ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی کی جانب سے پاکستان سے دبئی جانے والی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
فضائی کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق پاکستان سے اماراتی رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں کو لے جانے کے لیے فضائی آپریشن کو معطل کر دیا ہے، تاہم ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے حوالے سے چیزیں واضح نہیں ہو رہیں۔
اماراتی حکام نے رہائشی اجازت نامہ رکھنے والوں کو داخلے کی مشروط اجازت دے رکھی ہے تاہم پرواز سے چار گھنٹے قبل کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت صرف ٹرانزٹ پروازوں کو ہی بورڈنگ پاس دیے جا رہے ہیں جبکہ ایئر بلیو اور پی آئی اے کی پروازیں سسٹم میں موجود ہیں لیکن خدشہ ہے کہ انہیں بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔