قذافی بٹ: وزیراعظم کا بلین ٹری منصوبہ، منصوبے پر 22-2021, 22-2023 کتنی رقم خرچ ہوگی، تفصیلات پنجاب اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی محکمہ جنگلات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلین ٹری منصوبے پر 22-2021 میں 8 ہزار چھ ملین خرچ کئے جائیں گے۔ چار سالہ منصوبے پر 26 بلین سے زائد کی رقم خرچ ہوگی جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کے لئے 13ہزار 187 ملین دے گی۔ منصوبے کے لئے وفاقی حکومت پنجاب کو 4 ہزار تین ملین کی رقم فراہم کرے گا۔
پنجاب حکومت اس منصوبے میں اتنی ہی رقم 4 ہزار تین ملین کا حصہ ڈالے گی۔ رپورٹ کے مطابق 2022-23 میں منصوبے پر 5 ہزار 722 ملین خرچ کئے جائیں گے۔ منصوبے کے لئے آدھی رقم وفاقی حکومت دے گی۔
دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا اجلاس پینل آف چیئرمین نوابزادہ وسیم بادوزئی کی صدارت میں ایک گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس صرف پانچ اراکین کی مدد سے شروع کیا گیا۔ اراکین کے ایوان میں نہ آنے کے باعث وقفہ سوالات ختم ہوگیا۔محکمہ جنگلات، ماہی پروری سے متعلق 47 سوالات میں سے ایک بھی سوال کا جواب نہ دیا جاسکا۔ اپوزیشن رکن اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے صادق آباد کے مندر پر حملے کی خبر پر پینل آف چیئرمین کی توجہ دلائی، جس کے فوری بعد انہوں نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔
پینل آف چیئرمین نے اجلاس پہلے پانچ منٹ اور پھر پندرہ منٹ کے لئے ملتوی کیا، لیکن کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس پیر کی دوپہر ایک بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں کی شرح میں اضافے کے حوالے سے موٹر وہیکل ترمیمی بل بھی پیش نہ ہوسکا۔