سٹی42: نیب لاہور کی بڑی کارروائی، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو 12 اگست نیب نے طلب کرلیا۔ وزیر اعلی پنجاب کو غیر قانونی طور پر شراب لائسنس کا اجرا کرنے پر طلب کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی بڑی کاروائی، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو 12 اگست نیب نے طلب کرلیا۔ وزیر اعلی پنجاب کو غیر قانونی طور پر شراب لائسنس کا اجرا کرنے پر طلب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور وزیر خوراک کے استعفوں کا مطالبہ بھی سامنے آ گیا ہے، اس حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کر دی گئی ہے۔ قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی، قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث شہر میں آٹے اور چینی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ آٹا اور چینی بلیک میں فروخت ہورہی ہے، آٹا 65 روپے فی کلو جںکہ چینی 95 روپے سے 100 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئیں ہیں، وزیر اعلی اور وزیر خوراک کے نوٹسسز بھی کسی کام نہیں آئے۔ حکومت نے عوام کو ناجائز منافع خوروں کے حوالے کر دیا ہے، عوام سرکاری نرخوں پر آٹا اور چینی کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے اور چینی کا حصول ممکن بنائے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو وزیراعلی اور وزیر خوراک فوری طور پر اس ناکامی پر استعفی دیں۔