ویب ڈیسک : میٹا کی جانب سے واٹس ایپ صارفین کی سہولت کیلئے ایک اور فیچر خاموشی سے متعارف کرایا گیا ہے، اس فیچر کی مدد سے صارفین باآسانی یہ جان سکیں گے کہ گروپ چیٹ میں کتنے افراد ابھی آن لائن ہیں۔
میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں موجود گروپ چیٹس کیلئے ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، اس فیچر سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کسی گروپ چیٹ میں کتنے افراد ابھی آن لائن ہیں۔ ابھی تک دیکھا جائے تو واٹس ایپ میں کسی گروپ چیٹ کو اوپن کیا جائے تو اس پر اوپر مختلف تفصیلات موجود ہوتی ہیں جیسے کون ٹائپنگ کر رہا ہے۔
میٹا کی جانب سے کی گئی اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد ایکٹیویٹی سمری کے ساتھ آن لائن کاؤنٹر کو بھی گروپ چیٹ ونڈو کا حصہ بنا دیا گیا ہے، جس کی مدد سے صارف کو معلوم ہوگا کہ اس کے ساتھ ساتھ کتنے افراد گروپ چیٹ میں آن لائن ہیں، اس سے صارفین کو یہ جاننے میں بھی مدد ملے گی کہ کسی گروپ چیٹ میں رابطے کے لیے کونسا وقت بہترین ہوسکتا ہے۔
یہ واضح رہے کہ اس آن لائن کاؤنٹر میں بس یہ ظاہر ہوگا کہ کون واٹس ایپ پر آن لائن ہے، اس سے یہ عندیہ نہیں ملے گا کہ کون کون آن لائن ہے یا وہ فرد چیٹس پر بات کر بھی رہا ہے یا نہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر بس یہ بتاتا ہے کہ کون کون کسی گروپ چیٹ پر آن لائن ہے اور اس کے پاس واٹس ایپ اوپن ہے۔ اس فیچر میں صارفین کی پرائیویسی سیٹنگز کا خیال رکھا گیا ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ اگر کسی فرد نے اپنے آن لائن اسٹیٹس کو ہائیڈ کیا ہوا ہے تو وہ اس آن لائن کاؤنٹر پر شو نہیں ہوگا۔