ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موسم کے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

موسم کے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔

 شہر  لاہور میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے سے  موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں تین کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد ہے۔آج شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم  بارش کے کوئی امکانات نہیں ہیں جبکہ  آئندہ ہفتے میں شہر میں ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور کی صورتحال تشویش کا باعث ہےکیونکہ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 200 ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈی ایچ اے فیز 8 میں آلودگی کی شرح 265 اور سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 238 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں آج گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت جانے کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی اور دن کے اوقات میں تیز دھوپ کے ساتھ گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی تاہم شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم میں بہتری کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 46 فیصد ہے۔ مغربی سمت سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

شہر کا فضائی معیار اے کیو آئی کے مطابق تسلی بخش قرار دیا گیا ہے تاہم کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں 64 نمبر پر جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں 5 نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 84 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی جارہی ہے۔

گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ انہیں دن کے گرم اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے، پانی، لیموں پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کرنے، ہلکے، سوتی اور کھلے کپڑے پہننے کی سفارش کی گئی ہے۔ ساتھ ہی سر کو ڈھانپ کر رکھنے اور چھتری یا ٹوپی کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا  امکان ظاہر کیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق  اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے۔

 اسی طرح پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے۔ جنوبی اضلاع میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 02 سے04 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

 بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں گرم رہنے کا امکان ہے۔  کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔