وزیر اعظم شہباز شریف سے استنبول گرینڈ ائیر پورٹ کے وفد کی ملاقات

6 Apr, 2024 | 05:03 PM

This browser does not support the video element.

اویس کیانی : وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے استنبول گرینڈ ائیر پورٹ (آئی جی اے) کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

وفد میں آئی جی اے بورڈ ممبر محمت کالیو نجو ، چیف ایئر پورٹ آپریٹنگ افسر اسماعیل پولات اور چیف کارپوریٹ افیئرز افسر ترگئے یمان شامل تھے۔ ملاقات میں ترکیہ کے لاہور میں تعینات قونصل جنرل درمش باستوع اور ترکیہ سفارتی عملے کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ ملاقات میں وفاقی وزیردفاع و ہوا بازی خواجہ آصف ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے ۔ 

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر انحصار بڑھا رہا ہے،  ہم دنیا بھر کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم خاص طور پر برادر ملک ترکیہ سے سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ ہم  اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لئے دستیاب سہولیات کو بڑھانے اور مزید بہتر کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔  

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  پاکستان سب سے پہلے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کچھ کمرشل آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کی پیشکش کر رہا ہے۔ ائیر پورٹ آؤٹ سورسنگ کے تمام مراحل میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہو گی۔ پاکستان میں شہری ترقی (urban developmen) کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی بڑی گنجائش ہے۔  پاکستان اور ترکیہ دو برادر ممالک ہیں جن کے باہمی تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری شراکت داری بڑھانے کا یہی مناسب وقت ہے۔

وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

مزیدخبریں