مریم نواز نے محسن نقوی کی مرضی کا افسر دینے سے چوتھی بار انکار کر دیا

6 Apr, 2024 | 04:53 PM

سٹی42: وزیر داخلہ  سید محسن رضا نقوی نے لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز  علی ناصر رضوی کو آئی جی اسلام آباد مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن کروا دیا لیکن پنجاب کی وزیر اعلیٰ اب تک انہیں اسلام آباد بھیجنے پر آمادہ نہیں ہوئیں۔ اس ضد کی وجہ سے آئی جی اسلام آبد کی پوسٹ پر  تقریباً دو ہفتے سے اسلام آباد کے ڈی آئی جی آپریشنز  شہزاد  بخاری عارضی کام کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب میں نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے جن افسروں کے ساتھ کام کیا تھا وہ ان میں سے پنجاب پولیس کے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کو سیکرٹری داخلہ کی پوسٹ پر لے جانا چاہتے تھے لیکن مریم نواز اس تقرر پر تیار نہ ہوئیں۔ اس کے بعد محسن نقوی نے  آئی جی اسلام آباد کی پوسٹ کے لئے لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضو کا انتخاب کیا بلکہ ان کے آئی جی اسلام آباد کی پوسٹ پر تقرر کا وفاقی حکومت نے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا لیکن مریم نواز نے اب تک علی ناصر رضوی کو موجودہ عہدہ کا چارج چھوڑنے کی اجازت نہیں دی۔ 

محسن نقوی  اپنے آزمودہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف کو  پاکستان کرکٹ بورڈ  میں لے جانا چاہتے ہیں لیکن پنجاب حکومت نے انہیں بھی پاکستان کرکٹ بورڈ میں جانے سے روک رکھا ہے۔ 
 
با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ  پنجاب کی حکومت نے دو اہم افسران کو ریلیو کرنے سے معذرت کرلی ہے ان میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پنجاب حکومت نے وفاق سے درخواست کی ہے کہ صوبے سے وفاق کے افسران کا تبادلہ کرنا ہے تو  پنجاب حکومت کو پہلے اعتماد میں لیا جائے۔ 

ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف کو پی سی بی میں بھیجنے سےمریم نواز نے روکا ہوا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ صوبہ میں اہم پراجیکٹ چل رہے ہیں، اس لیے سیکرٹری کو فوری چور پر تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

اس سے پہلے محسن نقوی کی خواہش تھی کہ وہ  آئی جی پنجاب عثمان انور کو سیکرٹری داخلہ لائیں۔ محسن نقوی کی اس خواہش کے جواب میں مریم نواز نے بتایا کہ وہ آئی جی عثمان انور کو عہدے پر برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ پھر آئی جی اسلام آباد کے لیے علی ناصر کی سمری بھیجی گئی جو منظور ہوئی اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جب کہ اسلام آباد کے آئی جی اکبر ناصر نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا لیکن دو ہفتے گزرنے کے باوجود آئی جی اسلام آباد نے چارج نہ لیا، وفاقی دارالحکومت میں قائم مقام آئی جی کا چارج اس وقت ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری کے پاس ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ افسران کی تقرریوں کے معاملے پر محسن نقوی اور پنجاب حکومت میں فی الحال بات نہیں بن پارہی، پنجاب حکومت نے محسن نقوی سے کہا ہےکہ جو افسران صوبے میں کام کررہے ہیں انہیں یہاں رہنے دیا جائے، اگر محسن نقوی نے اپنی ٹیم بنانی ہے تو باہر سے افسران لائیں۔

مزیدخبریں