سٹی42: دفتر خارجہ پاکستان نے بھارت کی پاکستانی شہریوں کو قتل کرانے کی سازش بے نقاب ہونے اور بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے مزید پاکستانیوں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ دفتر خٓرجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے، عالمی برادری کو بھارت کے ان گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔
برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران ڈینگ مارتے ہوئے یہ اعتراف کر لیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی پاکستانی شہریوں کے قتل کے حوالے سے یہی پالیسی ہے۔
راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا بھارت ہر پاکستان میں ہر اس پاکستانی کو قتل کرے گا جو ہمارے ملک میں کسی بھی قسم کی دہشگردانہ کارروائی کی کوشش کرے گا۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا، یہ بھارت کی پرانی عادت ہے کہ وہ اپنے مسائل کو حل کرنے کے بجائے پاکستان پر الزامات عائد کرتا ہے، دھمکیاں دیتا ہے اور اپنی سیاست کو چمکاتا ہے، جس طرح بھارت نے پاکستان میں ماورائے عدالت قتل کی کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے، بہت جلد دیگر ممالک میں بھی اس قسم کی کارروائیوں کا اعتراف کرے گا۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ماورائے عدالت اپنے ایجنٹوں کے ذریعے شہریوں کو قتل کیا ہے، بھارت نے جس طرح کی ریمبو اسٹائل اقدامات خطے اور پاکستان کے خلاف شروع کر رکھے ہیں یہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا، پاکستان بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو پہلے ہی اقوام متحدہ میں اٹھا چکا ہے، اس طرح کے گھناؤنے اقدامات خود کو جمہوری کہنے والے کسی بھی ملک کو زیب نہیں دیتے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے 25 جنوری 2024 کو بھارت کے پاکستان میں دراندازی اور ماورائے عدالت قتل کے ناقابل تردید شواہد فراہم کیے، یہ پاکستان میں بھارت کے ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کے واضح ثبوت ہیں۔بھارت کا مزید شہریوں کو نشانہ بنانے کے منصوبے کا دعویٰ واضح طور پر جرم کا اعتراف ہے، عالمی برادری کو بھارت کے ان گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ فروری 2019 کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوؤں کو بےنقاب کیا تھا، انتخابی فائدے کے لیے بھارتی حکمران نفرت انگیز بیان بازی کا سہارا لے رہے ہیں، بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم، اپنے بھرپور دفاع کی صلاحیت کی گواہ ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک برطانوی جریدے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی نے 2020 سے اب تک پاکستان میں 20 شہریوں کو قتل کیا۔