پی ٹی آئی کے آئندہ انتخابات، باغی ارکان سے متعلق اہم فیصلے

6 Apr, 2022 | 08:20 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریوں کا بھرپور آغاز ،تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو پارٹی ٹکٹس دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین عمران خان منحرف ارکان کےحلقوں میں عوامی اجتماعات سےخطاب کریں گے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی جانب سے صوبائی صدور کو خصوصی ہدایت نامہ جاری کیا۔7روز میں ڈویزنل پارلیمانی بورڈ کی تشکیل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے بعد چئیرمین تحریک انصاف نے فوری طور پر عام انتخابات کی تیاری کی ہدایت کی ہے۔

 اسد عمر کا کہناتھا کہ تمام صوبائی صدور 7 روز میں ڈویژنل پارلیمانی بورڈز قائم کریں،ڈویژنل پارلیمانی بورڈز اپنی سفارشات مرکزی پارلیمانی بورڈ کو بجھوائیں گے،مرکزی پارلیمانی بورڈ ڈویژنل بورڈز کی سفارشات کی روشنی میں عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کا فیصلہ کرے گا،تحریک انصاف وفاق پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین سیاسی قوت ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں نہایت تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،انتخابات کے اعلان کے بعد انتخابات کے مطالبات کرنے والوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں،تحریک انصاف بھرپور طریقے سے انتخابات کی تیاریوں کی ابتداء کر چکی ہے،آئندہ انتخاب میں عوام کی تائید سے فیصلہ کن دوتہائی اکثریت حاصل کریں گے۔

علاوہ ازیں تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے والے ارکان کو پارٹی ٹکٹس دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ منحرف ارکان کے حلقوں میں متبادل امیدواروں کے لیے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔عوامی رابطہ مہم میں منحرف ارکان کے حلقوں میں جلسے کیے جائیں گے، چیئرمین عمران خان منحرف ارکان کےحلقوں میں عوامی اجتماعات سےخطاب کریں گے۔

مزیدخبریں