(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی اور ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے عمران خان کو غدار قرار دے دیا۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں عمران خان کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم غدار نہیں ہیں، میں نے ووٹ نہیں دیا پھر بھی غدار کہا، اب دوں گا پہلے آپ کے ساتھ تھا اب میں ان لوگوں کے ساتھ ہوں جو غدار نہیں ہیں. بہت کچھ جانتا ہوں بتادیا تو قیامت آجائے گی، میں خاموش ہوں مجھے خاموش ہی رہنے دیں اور خود بھی خاموش رہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اپنی گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ آصف زرداری کیلئے کہا کہ انہیں سیاست کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری کہا جاتا تھا لیکن وہ آصف علی بیداری بن کر سامنے آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے طاقت کے نشے میں آئین کو پامال کیا۔ ڈاکٹر عامر لیاقت نے الزام لگایا کہ عمران خان نے جو خط جلسے میں لہرایا تھا وہ جھوٹ پر مبنیٰ ہے، وہ اسد صاحب سے لکھوایا گیا جس میں شاہ محمود قریشی بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ 3 اپریل کو ڈاکٹر عامر لیاقت نےپاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈرامہ ختم ہونے کے بعد کہنا چاہتا ہوں کہ وزیراعظم نے جو کچھ کیا ثابت ہوگیاکہ اپوزیشن جو کچھ کررہی تھی درست کررہی تھی،آئین سے کس نے انحراف کیا اور منحرف کون ہے؟ فیصلہ عدالت کرے گی لیکن افسوس کہ جنرل قمرباجوہ کو ہٹانے کے لیے یہ کھیل کھیلا گیا۔