(ویب ڈیسک)بھارت میں کورونا کی صورتحال گھمبیر، دارالحکومت نئی دہلی میں رات کے کرفیو کا نفاذ، نئی دہلی میں کرفیو 30اپریل تک نافذ رہے گا۔
کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے جہاں پوری دنیا کو متاثر کیا وہیں بھارت میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر بھارتی حکومت نے دارالحکومت نئی دہلی میں رات کا کرفیو نافذ کردیا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق کرفیو روزانہ رات 10بجے سے شام 5بجے تک لگایا جائے گا جو 30اپریل تک نافذ رہے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں بھارت میں 6 ماہ بعد کورونا کیسز میں بڑا اضافہ سامنے آیا تھا، ایک دن میں 93 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوگئے تھے، بالی ووڈ اداکار گوندا اور اکشے کمار کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔ریاست مہاراشٹرا میں سنیما، ریستوران اور شاپنگ مالز بند کردیئے گئے تھے جبکہ رات کا کرفیو نافذ کرنے کے ساتھ ویک اینڈز پر مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔
بھارت میں ماہرین کورونا وائرس کیسز بڑھنے کی وجہ ایس او پیز کی خلاف ورزی اور وائرس کے میوٹیشن کو قرار دے رہے ہیں۔بھارت امریکہ کے بعد وہ دوسرا ملک ہے جہاں ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سب سے متاثرہ ترین ریاست مہاراشٹر میں اسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔ماہرین کے مطابق بھارت میں حالیہ کیسز بڑھنے کی وجہ کورونا کی نئی قسمیں ہوسکتی ہیں۔