سپرپاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے: چودھری شجاعت

6 Apr, 2020 | 05:01 PM

علی اکبر:مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے سپر پاورکا معیار بدل دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ سپرپاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے.
مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے سپر پاورکا معیار بدل دیا ہے اور یہ ثابت کر دیا ہے کہ سپرپاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے، نیوکلیئر ہتھیاروں اور اپنی عسکری و دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ پر کھربوں ڈالر خرچ کرنے والوں کو کورونا وائرس کے سامنے بے بس ہو جانے کے بعد یہ سمجھ جانا چاہئے کہ یہ رقوم لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے خرچ کی جانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام عالمی لیڈر مل بیٹھ کر اس مسئلہ پر غور کریں کہ دنیا پر اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے سپر پاور بننے پر خرچ کیے جانے والے تمام وسائل انسانی صحت اور فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہونے چاہئیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ کورونا وائرس سے ملنے والا یہ سبق خود کو سپر پاور سمجھنے والوں سمیت سب کو دل سے اور عملی طور پر تسلیم کرنا چاہئے کہ سپر پاور اور سپر پلانر صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے کیونکہ یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ایٹم بم، میزائل یا کوئی دوسرا ملک مہلک ترین ہتھیار بھی کورونا کو ختم نہیں کر سکتا اور نہ اس پر قابو پانے میں مدد کر سکتا ہے.

اسلحہ کی طاقت پر ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے دن رات ایک کرنے والی بڑی طاقتوں کو باالخصوص ہم سب کو مل کر اس بیماری کا مقابلہ کرنا اور صحت عامہ کی سہولتوں کو ایسا بنانا ہے کہ وہ کسی بھی کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کو شکست دے سکیں، اگر اس وائرس کے خلاف جنگ پر دل کھول کر فنڈز نہ لگائے گئے تو یہ بیماری اگلے پانچ سال بھی ختم نہیں ہوگی اور فوجی طاقت کے بل پر ایک دوسرے کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے منصوبے بنانے والے لیڈر خود بھی ختم ہو سکتے ہیں اور ان کا اسلحہ ان کے بھی کسی کام نہیں آئے گا۔

مزیدخبریں