زاہد چوہدری:محکمہ صحت کی گڈ گورننس، ترقیاتی منصوبے تاخیر سے دوچار، سروسز ہسپتال ریڈیالوجی بلاک رواں مالی سال میں بھی مکمل نہ ہوسکا۔ مریض جدید علاج کی سہولتوں سے محروم ہیں۔
سروسز ہسپتال میں علاج معالجے کی جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے دو ہزار نو میں نو منزلہ ریڈیالوجی بلاک کی تعمیر کا آغاز کیاگیا ۔ اس منصوبے کو دو ہزار گیارہ میں مکمل کیا جانا تھا لیکن سات برس بعد بھی نا مکمل ہے۔عمارت پر لاگت کا تخمینہ پینسٹھ کروڑ روپے تھا لیکن تاخیر کی وجہ سے لاگت ایک ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ریڈیالوجی بلاک میں جدید آپریشن تھیٹرز سمیت مختلف وارڈز کے قیام اور ایم آر آئی، سی ٹی سکین، ڈیجیٹل ایکسرے ، سمیت دیگر تشخیصی مشینری اور طبی آلات خریدنے کیلئے بھی ایک ارب روپے سے زائد کے فنڈز درکارہیں۔ ذرائع کے مطابق تاخیر کی وجہ سے طبی مشینری اور آلات کی قیمتوں میں اضافے سے قومی خزانے کو پچاس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوگا۔