ڈاکٹر محمد افضل نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا

5 Sep, 2024 | 05:18 PM

عمران یونس: ملک کے نامور ماہر تعلیم و حیاتیات پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر کا چارج سنبھال لیا
 حکومت پنجاب نے ملک کے نامور ماہر تعلیم و حیاتیات پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل، وائس چانسلر بابا گرونانک یونیورسٹی، ننکانہ صاحب کو یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر کا اضافی چارج تفویض کر دیا، جس پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل نے گزشتہ روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر یونیورسٹی آف سرگودھا اور پرنسپل کالج آف ایگریکلچر یونیورسٹی آف سرگودھا کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

ایک دہائی پر محیط کیرئیر کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل نے 200 سے زائد تحقیقی مقالہ جات لکھے، جو معتبر جرائد میں شائع ہوئے۔ اپنی علمی سفر کے دوران، ڈاکٹر محمد افضل نے کئی اعزازات اور اسکالرشپس حاصل کئے، جن میں یونیورسٹی آف ایگری کلچر فیصل آباد سے ایگری اینٹومولوجی میں ڈاکٹریٹ اور یونیورسٹی آف لیورپول، برطانیہ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ شامل ہیں۔

عہدے کا چارج سنبھالنے کے موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل نے کہا کہ اساتذہ کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے بننے والی ملک کی پہلی جامعہ کے وائس چانسلر کی ذمہ داری سنبھالنا میرے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں، بلاشبہ یونیورسٹی نے ملک میں معیاری تعلیم و تربیت و تحقیق کے میدان میں گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جامعہ کی مزید تعمیر و ترقی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر جامعہ کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عالم سعید سمیت سینئر عہدیداران نے پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل کو خوش آمدید کہتے ہوئے مبارک باد پیش کی۔

مزیدخبریں