سٹی42: چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کی معیشت کی بحالی کے حوالہ سے تاجروں کے ساتھ لاہور اور کراچی میں گفتگو کے دوران بتائی ہوئی حکمت عملی کے اہم نکات پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ نگراں وفاقی حکومت نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ داروں اور سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔
فوڈ سکیورٹی کی وزارت کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق چینی کی نقل و حمل پر نظر رکھنے اور سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کا سراغ لگانے کے لئے تمام شوگر ملوں کے دروازوں پر ایف بی آرنے ٹیمیں تعینات کردی ہیں اور وزارت خزانہ نے اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں بھی شروع کردی ہیں۔
ایف بی آر نے سیاستدانوں و کاروباری شخصیات کی شوگر ملز کی سیلز اور سٹاک کا ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کردیں. ایف بی آر کی جانب سے شریف خاندان،جہانگیر ترین، چوہدری ذکاء اشرف ، ہارون اختر،مخدوم عمرشہریار سمیت تمام سیاستدانوں و کاروباری شخصیات کی شوگر ملوں کی مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔ایف بی آر نے تمام شوگر ملز کی سیلز اور سٹاک کا ریکارڈ مرتب کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تعینات کردی ہیں جو شوگر ملز میں چینی کے سٹاک ،سیلز اورملز کے احاطہ سے باہر جانے والی چینی کا روزانہ کی بنیاد پر ریکارڈ مرتب کر رہی ہیں۔ شوگر ملز کے احاطوں میں غیرمعینہ مدت تک ایف بی آر کی مانیٹرنگ ٹیمیں موجود رہیں گی ۔ایف بی آر کی ٹیمیں سیلز ٹیکس چوری روکنے کیلئے بھی ڈیٹا مرتب کریں گی ۔
دوسری طرٖف افغانستان اور ایران کی سرحدوں پر بھی چیکنگ بڑھادی گئی ہے اور سرحدوں پر اسمگلروں کی نقل وحرکت روکنے کیلئے خفیہ اداروں کی مدد لی جارہی ہے۔
وزارت فوڈسکیورٹی نے ہدایت کی ہے کہ صوبے چینی کی ذخیرہ اندوزی روکنے کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنائیں اور ناجائز منافع خوروں کےخلاف بھی کارروائیاں تیز کریں۔
اسی دوران مصدقہ اطلاعات کے مطابق فیڈرل بیورو آف ریوینیو نے تجارتی سامنان کی غیرقانونی نقل وحمل اوراسمگلنگ روکنے کیلئے آزادکشمیرکوپاکستان سے ملانے والی 2شاہراہوں پر چوکیاں قائم کرلی ہیں۔
ایف بی آر نے کوہالہ پل اورمنگلہ پل پرچیک پوسٹیں قائم کیں اور چیک پوسٹوں کے قیام سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا۔
ایف بی آر کے مطابق کوہالہ پل پر قائم چیک پوسٹ کو 2 موبائل ٹیموں کی سہولت ہوگی، کوہالہ پل چیک پوسٹ کادائرہ اختیار مری ایکسپریس وے، جی ٹی روڈ اوربھوربن روڈ سے بارہ کہو تک ہے۔
ایف بی آر نے بتایاکہ میرپورکو پنجاب سے ملانے والی منگلہ روڈ پر ناکودارچیک پوسٹ قائم کی گئی جس کا دائرہ اختیار منگلا روڈ، دینہ بائی پاس، جی ٹی روڈجہلم اورکلرسیداں کی طرف دھان گلی تک ہوگا، ناکودارچیک پوسٹ کو ایک موبائل ٹیم کی بھی خدمات حاصل ہونگی۔