بِیٹا صارفین کیلئے نئے سیٹنگ انٹرفیس کیساتھ ملٹی اکاؤنٹ فیچرز متعارف

5 Sep, 2023 | 09:46 AM

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ بِیٹا صارفین کے لیے ایک نئے سیٹنگ انٹرفیس کے ساتھ ملٹی اکاؤنٹ فیچرز متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ بِیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اس ملٹی اکاؤنٹ فیچر کو استعمال کرتے ہوئے صارفین ایک ہی ڈیوائس میں واٹس ایپ سیٹنگ کی مدد سے اضافی اکاؤنٹ کو شامل کرسکیں گے۔

یہ نیا فیچر صارفین کو ایک ایپ میں مختلف چیٹس کو منظم کرنے میں بھی مدد دے گا۔ مزید برآں، گفتگو علیحدہ رکھنے کے ساتھ نوٹی فکیشن بھی علیحدہ رکھے گا اور صارف کے لیے ایک ہی ڈیوائس میں ایک اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں سوئچ کرنا ممکن بنائے گا۔

متعارف کرایا جانے والا دوسرا فیچر سیٹنگز کے انٹرفیس کا نیا ڈیزائن ہے، جو صارفین کو ایپ کے دیگر آپشنز میں جانے پر جدید تجربہ فراہم کرے گا۔

رپورٹ میں مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس اپ ڈیٹ میں چیٹ لسٹ میں موجود پروفائل ٹیب کی تزین نو بھی شامل ہے جو صارفین کے لیے ایپ کی سیٹنگز کھولنے کو آسان کرے گی۔

دوسری جانب سربراہ میٹا مارک زکر برگ نے میک صارفین کے لیے گروپ کالنگ فیچر کے ساتھ ایک نئی واٹس ایپ ایپلی کیشن لانچ کی ہے جس میں ویڈیو کال پر آٹھ جبکہ آڈیو کال پر 32 افراد کے ساتھ بیک وقت بات کی جاسکے گی۔


 

مزیدخبریں