زارا نور عباس نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں کام کرنے سے انکار کیوں کیا؟

5 Sep, 2020 | 11:41 PM

Malik Sultan Awan

ماڈل ٹاون (زین مدنی)پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں ثانوی کردار کی وجہ سے کام کرنے سے انکار کیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔زارا نور نے فلم میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ فلم میں انہیں انتہائی ثانوی کردار کی پیشکش کی جارہی تھی جو میرے لئے مناسب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ فلم میں میرا کردار اداکارہ ماہرہ خان اور حمائمہ ملک کے مقابلے میں بہت ہی ثانوی تھا۔اداکارہ نے کہا کہ میرے خیال میں کسی بھی اداکار کو ایسا کوئی بھی کردار ادا نہیں کرنا چاہئے جس میں آپ دکھائی ہی نہ دیں اور نہ ہی اس میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے زیادہ مواقع ملیں۔

خیال رہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ بجٹ کے لحاظ سے پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی فلم ہے جو کہ انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے تیار کی گئی ہے۔فلم پروڈیوسر عمارہ حکمت ہیں، فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری ہیں اور اسکرپٹ ناصر ادیب نے تحریر کیا۔اس فلم میں ٹیلی ویژن کی معروف جوڑی فواد خان اور ماہرہ خان 2011 کے مشہور ڈرامے ہمسفر کے بعد ایک مرتبہ پھر رومانوی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

یاد رہے کہ یہ فلم مداحوں میں اس وقت ہی مقبول ہوگئی تھی جب یہ بتایا گیا کہ اس میں ماضی کے معروف کرداروں مولا جٹ اور نوری نتھ کے دور کی عکاسی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں