قذافی بٹ: وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ایک دفعہ پھر فرانسیسی جریدے نے دو ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی کوشش کی، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے عالمی امن کو خطرے میں ڈالا گیا۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے فرانسیسی جریدے کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شرمناک حرکت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ آزادی اظہارِ رائے کا مطلب دوسرے مذاہب اور عقائد کی توہین ہرگز نہیں۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اسلام اپنے پیروکاروں کو تمام مذاہب، عقائد، انبیاء اور الہامی کتب کے احترام کی تلقین کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں بین المذاھب ہم آہنگی پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے دنیا کو اسلاموفوبیا اور نسل پرستی سے بچنے کی تلقین کی۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان مغرب میں اسلاموفوبیا کے خاتمے کے حوالے اسلامی دنیا کو لیڈ کر رہے ہیں۔ اسلامی اخلاقی تعلیمات کے پرچار سے دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔ اسلام کا صحیح پیغام دنیا کے سامنے رکھنے کے لیے او آئی سی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔