سعود بٹ: ایل او ایس نالہ فیروزپور روڈ کی تعمیر میں حکومتی خزانے کو کروڑوں کا نقصان اور من پسند افراد کو نوازنے کا کیس، سابق چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید گرفتار۔
تفصیلات کے مطابق نیب کے مطابق اسرار سعید پر ایل او ایس فیروزپور روڑ تا ملتان روڈ ڈبل روڈ توسیعی منصوبہ میں مبینہ طور پرکروڑوں روپے کےمالی غبن کے الزامات ہیں۔
نیب لاہورکے مطابق منصوبہ کے ابتدائی تخمینہ کی لاگت 63 کروڑ روپے ظاہر کی گئی، تاہم اسرار سعید کی جانب سے مبینہ طور پر متعدد مرتبہ منصوبہ میں ردوبدل سے تعمیراتی لاگت میں 7 گنا اضافہ ہوا۔
نیب لاہور کے مطابق ملزم اسرار سعید نے مبینہ بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنسلٹنٹ کے اعتراض کے باوجود ادائیگیاں کرتے ہوئے پرائیویٹ کنٹریکٹر کو بھی کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا۔ تحقیقات میں ہونیوالے انکشاف کے مطابق ملزم کی جانب سے مرکزی منصوبہ میں ردوبدل کرتے ہوئے دیگر غیر متعلقہ منصوبے بھی مرکزی منصوبہ میں شامل کر دیئے گئے۔
دیگر منصوبوں کی شمولیت کےسبب ایل او ایس روڈ توسیعی منصوبہ بے جا تاخیر اور اسکی قیمت میں اضافے کا باعث بنے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیب نے اسرار سعید کو آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں 8 مارچ 2018 کو گرفتار کیا تھا جو بعد ازاں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، اور فواد حسن فواد کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گیے تھے۔