گارڈن ٹاؤن (قذافی بٹ) بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، پی ٹی آئی نے پارٹی تنظیموں، کارکنوں کو نچلی سطح تک متحرک کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنظیموں کو ٹاسک دے دیا۔
بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے سنٹرل پنجاب سیکرٹریٹ میں لاہورڈویژن کا اجلاس ہواجس میں ضلعی، ٹاؤن، میونسپل اور ٹاؤن کمیٹی کے صدورو جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمد چودھری نے کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمد چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں مضبوط اور موثر بلدیاتی نظام لارہی ہے، نئے بلدیاتی نظام سے عوام کی نچلی سطح تک مسائل حل کرنے میں مفید ثابت ہوگا، مقامی حکومتوں کے قیام سے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے حلقہ بندیوں کے شیڈول میں توسیع کردی، اب حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 21 اگست2020 سے تبدیل کر کے17 ستمبر 2020 کو شائع کی جائے گی، حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست پر اعتراضات 18 ستمبر سے 2 اکتوبر تک جمع کروائے جا سکیں گے۔ اعتراضات پر فیصلے 17 اکتوبر تک کیے جائیں گے، حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 25 اکتوبر کو شائع کی جائے گی، الیکشن کمیشن آف پاکستان ستمبر تک حلقہ بندیاں مکمل کرے گا، بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ نومبر، دسمبر میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق )نے جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن کروانے کی تجویز دے دی، صدر (ق ) لیگ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہےکہ میری تجویزہے کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں، ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔ ساری سیاسی جماعتیں اس میں اپنا اپنا امیدوار کھڑا کریں اور ایسی روایت پیدا کریں تاکہ الیکشن منصفانہ ہوں اور ظاہر بھی ہوں۔