محرم الحرام کے جلوسوں ، مجالس کا سکیورٹی پلان تیار

5 Sep, 2019 | 09:53 AM

Sughra Afzal

(قیصر کھوکھر) محکمہ داخلہ نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام سکیورٹی انتظامات اور ہوم ورک مکمل کر لیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ محرم کے سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں ضلعی انتظامیہ سے لے کر صوبائی حکومت تک اور وفاقی حکومت تک کے ساتھ تمام سکیورٹی معاملات طے کر لئے گئے ہیں، فوج ، رینجرز کی ریکوزیشن اور بلانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے موبائل فون جام کرنے کے لئے موبائل کمپنیوں سے معاملات مکمل ہیں اور مجالس اور محرم کے جلوسوں کی سکیورٹی پلان تیار ہیں، ضلعی سطح سے لے کر پنجاب سول سیکرٹریٹ تک کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں اور تمام مکاتب فکر کے علماءکے ساتھ اجلاس کر لئے گئے ہیں۔کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان نے ڈویژن کی سطح کے دورے مکمل کر لیے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم کے دوران لاہور شہر سمیت صوبہ بھر میں ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کر دی ہے،محکمہ داخلہ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ فوری طور پر ہر قسم کی ہوائی فائرنگ کو سختی سے روکا جائے اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، محکمہ داخلہ نے اس سلسلہ میں تمام اضلاع کی پولیس کو الرٹ جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ کے ساتھ ساتھ اسلحہ کی ہر قسم کی نمائش بھی روکی جائے اور اسلحہ لہرانے والوں کے خلاف زیر دفعہ 144 کے تحت مقدمات قائم کیے جائیں۔

مزیدخبریں