ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

  لہور پر موسم بدل دینے والی بارش برس پڑی، ماحول میں خوشگوار خنکی آ گئی

Rain, Lahore weather, weather change, city42, Temperature falls
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  لاہور میں موسم بدل دینے والی بارش آخر کار برس ہی پڑی،  ہفتے کی شب پونے گیارہ بجے شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش برس پڑی جس نے آناً فاناً ماحول میں موجود تمام حدت کو تحلیل کر دیا اور ماحول خنک کر دیا۔ بارش کے بعد شہر کا ٹمپریچر گر کر 26 ڈگری سیلسئیس رہ گیا جس میں رات گئے تک  مزید کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

رات کو شروع ہونے والی بارش ریلوے سٹیشن،  ڈیوس روڈ، مال روڈ، قرطبہ چوک، جیل روڈ، بھاٹی گیٹ اور اطراف ، جین مندر، راوی روڈ، آزادی چوک، چوبرجی اور متعدد دوسرے علاقوں میں برسنے کی اطلاعات مل چکی ہیں۔ 

 اس سے پہلے آج صبح بھی لاہور کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی تھی۔اس بارش کے بعد لاہور شہر کی فضا صاف ہو گئی تھی اور آلودگی میں نمایاں کمی دیکھی گئی تھی۔

موسم کے ماہرین کا کہنا ہے کہ آج شب ہونے والی بارش سے موسم مکمل بدل جائے گا اور ٹمپریچر میں نمایاں کمی کے بعد کچھ دن کے لئے موسم معتدل رہے گا۔ آج صبح بارش کے بعد شہر کا ٹمپریچر 34 ڈگری تھا اب توقع کی جا رہی ہے کہ دن کا ٹمپریچر گر کر 30 سے نیچے آ جائے گا۔ 

کئی روز کے توقف کے بعد ہونے والی بارش کے بعد  شہر میں آلودگی کی مجموعی شرح 105 ریکارڈ کی گئی تھی اور لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگیا تھا۔

درخت گِر گیا

ہفتے کی شب بارش سے پہلے معمولی آندھی بھی آئی جس کی زد میں آ کر کینال روڈ پر ایف سی یونیورسٹی کے قریب ایک درخت گر گیا۔ 

درخت کے اچانک سڑک پر آ گِرنے سے سڑک پر  اس وقت سفر کرنے والے شہریوں میں سراسیمگی پھیل گئی۔ اس دوران کوئی حادثہ نہیں ہوا اور ٹرفک کا بہاؤ معمولی تعطل کے بعد بحال ہو گیا۔ سڑک پر موجود شہریوں نے خود کوشش کر کے درخت کے سڑک پر گرے ہوئے تنے کو ہٹا کر سائیڈ پر گر دیا۔