سٹی42: بھارت کی ریاست ہریانہ کے الیکشن کے بعد ایگزٹ پول میں عوام کی رائے سامنے آنے کے بعد اب یہ حقیقت بڑے پیمانہ پر تسلیم کی جا رہی ہے کہ ہریانہ کے عوام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف غصہ ہے۔ یہ مانا جا رہا ہے کہ کسان تحریک اور پہلوان خواتین کے ساتھ توہین آمیز اور تحقیر پر مبنی سلوک نے ہریانہ میں عوام خوصوصاً خواتین اور کسانوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی سے الیکشن میں بدلہ لینے پر اکسایا۔
ایگزٹ پولز کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے بھارت کی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سیکرٹری جنرل ڈی راجہ نے کہا کہ 'بی جے پی کے خلاف بڑے پیمانے پر غصہ ہے،' انہوں نے کہا کہ آج سامنے آنے ولے "ایگزٹ پول ہریانہ کے لوگوں کے مزاج اور ریاست میں زمینی حقائق کی عکاسی کرتے ہیں۔ بی جے پی کے خلاف بڑے پیمانے پر غصہ ہے۔ کسان بھارتیہ جنتا پارٹی کی تباہ کن پالیسیوں سے مایوس ہیں، اور جنتر منتر پر ریسلر خواتین کے احتجاج کے دوران خاتون پہلوانوں کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا سلوک ملک کا نام روشن کرنے والوں کی توہین ہے۔ خواتین اور نوجوان بھی بی جے پی سے ناراض ہیں۔سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ کہتے ہیں کہ " نتائج ان جذبات کے مطابق ہیں،" ۔
اوپر تصویر میں دکھائی دینے والی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ جب دیگر چھ ریسلر خواتین کے سارتھ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتر پردیش سے رکن لوک سبھا برج بھوشن کی ہراسمنٹ کی شکایت لے کر پولیس کیس بنانے کے بعد قانونی کارروائی نہ ہونے پر احتجاج کے لئے جب سڑک پر آئیں تو پولیس نے ان کے بھوک ہڑتال کیمپ پر دھاوا بول کر ان کی سخت بے عزتی کی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں سے لے کر کارکنوں تک سب نے ان کا مذاق اڑایا۔
ہریانے کے ایک کسان گھرانے کی یہ خاتون برج بھوشن کو اب تک عدالت میں تو سزا نہیں دلوا پائیں تاہم انہوں نے پیرس اولمپکس میں بھارت کو پہلی مرتبہ ریسلنگ کے فائنل میں پہنچانے کے بعد جب ریسلنگ چھوڑ کر سیاست کے اکھاڑے میں قدم رکھا اور اپنی آبائی ریاست ہریانہ میں کانگرس کے تکٹ پر الیکشن لڑا تو وہاں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو بری طرح چاروں شانے چِت کر دیا۔ آج ہفتہ کی شام آنے والے ایگزٹ پولز کے نتائج بتا رہے ہیں کہ دس سال سے اقتدار پر متصرف بھارتیہ جنتا پارٹی آج کے الیکشن میں بمشکل 28 نشستیں لے پائے گی اور ونیش پھوگاٹ کی کانگرس کو 90 ارکان کے ہاؤس میں 61 تک نشستیں مل سکتی ہیں۔ اتنی بڑی جیت کی خود کانگرس کے نیتا بھی توقع نہیں کر رہے تھے۔