ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے، ریاست کو ان کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہیے جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے ۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے بیان میں کہا ہے کہ ہمیشہ سے جو بات کہتی رہی ہوں، آج دُنیا کے سامنے آ گئی ہے۔ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نا ہے، تھی اور نا ہو سکتی ہے۔ یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے۔ ریاست کو ان کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہیے جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے ، ورنہ بہت دیر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بھیس میں تحریک انتشار کا واحد مقصد ملک میں آگ لگانا ہے۔ یہ کسی رعایت یا نرمی کے مستحق نہیں۔ ان کے لشکر میں فرنٹ لائنز میں تربیت یافتہ دہشت گرد شامل ہیں، جن کو انھوں نے پولیس اور ریاست پر حملہ آور ہونے کے لیے استعمال کیا ہے، کون سا ملک یہ برداشت کرتا ہے؟
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پتھراؤ سے شدید زخمی ہونے والے کانسٹیبل کی تصویر شیئر کی اورکہاکہ کیا ایسی حرکت کوئی سیاسی جماعت کر سکتی ہے، انہوں نے مزید کہاکہ یہ پہلی بار نہیں ہے۔