ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، عطا تارڑ

شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، عطا تارڑ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  جب کوئی باہر سے مہمان آتا ہے وہ پاکستان سے تعلقات کو فروغ دینے آتا ہے،کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ ایس سی او  کے اجلاس کو سبوتاژ کرے، کسی کو ریڈ زون کے قریب نہیں جانے دیں گے، کسی کو امن عامہ سبو تاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،  اسلام آباد میں رینجرز بھی ہے اور فوج بھی آ گئی ہے، ان کے دھرنے کا مقصد 9 مئی والا ہی ہے، ڈنڈا وگڑے تگڑوں کا پیر ہے، یہ لوگ اسی وجہ سے ٹھیک ہوتے ہیں۔ یہ باتیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران کہیں۔

  عطا تارڑ نے کہا کہ علی امین گنڈار پور کے ساتھ آنے والے دنوں میں بہت برا سلوک دیکھ رہا ہوں، میں سمجھتا ہوں کے پی کے لوگ اپنے وزیراعلیٰ کے خلاف ہو جائیں گے، پُرامن احتجاج کی اجازت ہے، اسلحہ اور غلیل کے ساتھ آنے کی اجازت نہیں، علی امین گنڈاپور کے ساتھ رابطہ رہا ہے، معاہدہ کرکے انھوں نے خلاف ورزی کی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا  کہ پی ٹی آئی کو ملکی ترقی کی بڑی تکلیف ہے۔  ان کے دھرنے کا مقصد 9 مئی والا ہی ہے، ڈنڈا وگڑے تگڑوں کا پیر ہے، یہ لوگ اسی وجہ سے ٹھیک ہوتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے سفارتی تنہائی ختم ہوئی، پوری دنیا پاکستان کی معاشی پالیسی کی معترف ہے بلکہ دنیا کے ممالک سربراہان پاکستان آ بھی رہے ہیں۔

 فلسطین کاز ہو یا کشمیر وزیراعظم اس کے علمبردار بنے، اب دنیا کے ممالک کے سربراہان پاکستان آرہے ہیں، ایرانی صدر کے دورے کے بعد پاک ایران تعلقات میں مضبوطی آئی اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ تعلقات دیکھیں ان کا ایک اور وفد آرہا ہے، تعاون بڑھ رہا ہے۔ جب ملائیشیا کے صدر ملک میں موجود تھے تو یہ کوشش کی گئی کہ ڈی چوک کی طرف مارچ کیا جائے، جب کوئی باہر سے مہمان آتا ہے وہ پاکستان کی عزت ہے، وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے آتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں  وزیر اطلاعات نے کہا کہ معیشت بہتر ہو رہی ہے، عالمی جریدے دیکھ لیں، پاکستان کی اکانومی ٹیک آف کر رہی ہے، سٹاک مارکیٹ ایشیا کی ایمرجنگ ترین مارکیٹس میں سے ہے۔ مہنگائی کا سنگل ڈیجٹ میں آنا کسی معجزے سے کم نہیں، رائٹ سائزنگ، ڈاؤن سائزنگ کی، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ آپ نہ آئے ہوتے تو ملک ڈیفالٹ کر چکا ہوتا۔

عطا تارڑ نے کہا، ایک طرف ترقی ہے تو دوسری طرف انتشار ہے، تشدد ہے اور ایک طرف بالکل تباہی و بربادی کا منظر ہے، وہ خیبرپختونخوا کا صوبہ ہے۔ دھرنے یا مارچ کیوں کیے جا رہے ہیں؟ کیونکہ ان کو کبھی بھی پاکستان کی ترقی قبول نہیں تھی اور نہ ہے، ان کو مروڑ اٹھ رہے ہیں، ان کو رات کو نیند نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کہتے تھے کہ  اس ملک اور قوم کی پریشانی کی وجہ سےمجھے راتوں کو نیند نہیں آتی،، ادھر پریشانی یہ ہے کہ ملک ترقی نہ کر جائے، ملک ترقی کر گیا تو ہمارے پلے کیا رہے گا، کیونکہ ہمارا (پی ٹی آئی) بیانیہ تو فوج کے خلاف ہے، ہمارا بیانہ تو ریاست پاکستان کے خلاف ہے۔ یہ وہی کام ہے جو 2013 میں کیا گیا تھا، ہمارا طرز عمل کیا ہے کہ نواز شریف بنی گالا جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ملک کی خدمت کریں گے، پتا ہے کہ چین کے صدر آرہے ہیں لیکن پھر بھی 2014 میں دھرنے شروع ہو جاتے ہیں، چینی صدر کے دورے میں کئی ماہ کی تاخیر ہوئی، پاکستان کے لیے انہوں نے جو 64 ارب ڈالر کا تحفہ دینا تھا، وہ تاخیر سے آیا۔

میں واضح انداز میں آپ کو بتا دوں کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کو سبوتاژ کرے۔ یہ فخر کی بات ہے کہ کئی دہائیوں بعد 12 ملکوں کے سربراہان مملکت پاکستان آرہے ہیں، اسلام آباد کو سجایا جارہا ہے، جو باہر سے آئے پاکستان کا اچھا امیج لے کر جائے۔

عطا تارڑ نے اپنی نیوز کانفرنس مین بار بار دہرایا کہ شنگھائی تعاون کونسل کے اجلاس کو  سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس طرح 2014 میں دھرنے دے کر کی گئی تھی،  ریڈ زون کے قریب کسی کو نہیں پھڑکنے دیں گے، ایس سی او اچھے طریقے سے چلے گی، خوش اسلوبی سے چلے گی۔

سمجھ آتی ہے کہ ان کو تکلیف ہے کہ پاکستان ترقی کیوں کر رہا ہے؟ آپ کے دور میں 30 فیصد مہنگائی، آپ کے دور میں ایک منصوبہ نہیں لگا۔