پی ٹی آئی احتجاج؛ لاہور کے کونسے علاقے بند؟ کونسی شاہراہیں کھلی ہیں؟

5 Oct, 2024 | 01:27 PM

سٹی 42 : بانی پی ٹی آئی کی دی جانے والی کال کے بعد آج پاکستان تحریک انصاف نے لاہور (مینار پاکستان) میں احتجاج کا اعلان کیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے لاہور کے داخلی راستے اور مینار پاکستان جانے والے راستے بند کردیے گئے ہیں ۔ 

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ صرف لاہور کے داخلی راستے اور مینار پاکستان جانے والے راستے بند ہیں، باقی شہر کی دوسری تمام سڑکیں معمول کے مطابق کھلی ہیں، ساتھ ہی سڑکوں پر معمول کے مطابق ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔ فیروز پورروڈ،کینال روڈ،مال روڈ ، پیکو روڈ،گلبرگ جوہرٹاؤن،ٹاؤن شپ سمیت دیگرعلاقوں کی سڑکیں کھلی ہیں اور ٹریفک رواں ہے ۔ 

مینارپاکستان کی طرف آنیوالے تمام راستے بند 

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث پولیس کی جانب سے مینار پاکستان گراونڈ کی طرف آنے والے تمام راستے بند کردیئے گئے، بڑی شاہراہوں پر کنٹینرز،گلیوں پر خار دار تار لگا دی گئی، اس کے علاوہ قیدیوں کی وین اور آنسو گیس کے شیل مینار پاکستان گراؤنڈ پہنچا دیئےگئے۔ 

 مینار پاکستان کے راستوں پر جگہ جگہ کنٹینرزلگائے گئے ہیں ۔ آزادی فلائی اوور کے دونوں اطراف کنٹینرز لگا دئیے گئے، راوی روڈ سے ملحقہ گلیاں بھی خار دار تاریں لگا کر بلاک کردی گئیں۔ مینار پاکستان سے ملحقہ علاقوں کے راستوں کو بھی بند کر دیا گیا۔ 

پولیس آزادی فلائی اوور اور گریٹر اقبال پارک کے اندر تعینات کردی گئی۔ آزادی فلائی اوور کے اوپر جمع ہونے والے طلباء کو پولیس نے منتشر کردیا۔ 

شاہدرہ سے آزادی چوک آنے والے راستوں پر بھی کنٹینرز لگا دئیے گئے۔ آزادی فلائی اوور ،گریٹر اقبال پارک کے ارد گرد پولیس اہلکار سادہ کپڑوں میں تعینات کردیے گئے۔ 

قیدیوں کی وینز اور آنسو گیس کا سامان آزادی فلائی اوور پہنچا دیا گیا، پولیس کی مزید نفری بھی آزادی فلائی اوور طلب کرلی گئی ۔ 

لبرٹی چوک؛ پولیس کی بھاری نفری تعینات

پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث لبرٹی چوک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، قیدیوں کی وینز ،کنٹینرز بھی لبرٹی چوک پہنچا دئیے گئے۔ ڈی آئی جی فیصل کامران لبرٹی چوک پر موجود ہیں ۔ 

 لبرٹی چوک آنے والے راستوں کو بند نہیں کیا گیا، لبرٹی چوک پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، اس کے علاوہ کلمہ چوک، گلبرگ، ایم ایم عالم، کینال ،فیروز پور روڈ جانیوالے راستے کھلے ہیں۔ 

دوسری جانب پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن منظر عام سے غائب ہیں ۔ 

ڈی آئی جی آپریشنز کی وارننگ 

شہر میں احتجاج کی آڑ میں قانون توڑنے کی کوشش کرنے والوں کو وارننگ دے دی گئی، احتجاج میں شامل ہونے والے کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہورفیصل کامران نے الٹی میٹم جاری کر دیا ۔ 

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں احتجاج کی آڑ میں شرپسندی روکنے کا مربوط پلان لاگو کیا ہے، اینٹی رائٹ فورس اپنی پوزیشن سنبھال چکی ہے،تمام ممکنہ احتجاجی مقامات کی نشاندہی کر کے اضافی فورس تعینات کر دی گئی ، واٹر کینن کیساتھ قیدیوں کی گاڑیاں بھی پہنچا دی گئی ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو جیل، مقدمات کا سامنا کرنا ہو گا۔ شہریوں کیلئےروکاوٹیں پیدا کرنیوالوں سےآہنی ہاتھوں نمٹا جائےگا، سرکاری اور شہری املاک کو نقصان پہنچانے والے سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، شہر اور شہریوں کی حفاطت کیلئےسخت قانونی اقدامات اٹھائیں گے ۔

مزیدخبریں