صورتحال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے، مراسلہ جاری

5 Oct, 2024 | 12:59 PM

ویب ڈیسک : اسلام آباد کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں تعیناتی کے دوران فوج کو حاصل اختیارات کے حوالے سے مراسلہ جاری کر دیا ۔ 

جاری کردہ مراسلے کے مطابق صورتحال کشیدہ ہونے پر فوج کو کارروائی کے اختیارات حاصل ہوں گے، مقامی کمانڈر وفاقی پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں فوج کو شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور گرفتاری کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ فوج کو مظاہرین کے خلاف لاٹھی چارج، آنسو گیس کی بھی اجازت ہو گی، طاقت کا کم سے کم استعمال کیا جائے گا، شرپسندوں کی موجودگی یا خطرات کی اطلاع پر فوج کارروائی کرے گی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران نقص امن کے خدشے کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر کے فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو تعینات کر رکھا ہے۔ 

مزیدخبریں