ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پی ٹی آئی کا احتجاج: مینارپاکستان اور دیگر راستے سیل،موٹروے بند

پی ٹی آئی کا احتجاج: مینارپاکستان اور دیگر راستے سیل،موٹروے بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

وقاص احمد،رومیل الیاس: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے احتجاج کی کال کے باعث  شہر لاہور میں مینار پاکستان اور اس کے اطراف کے راستوں کو کینٹنرز لگا کر مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق ناکوں پر موجود اہلکار محدود تعداد میں گاڑیوں کو شہر میں داخلے اور باہر نکلنے کی اجازت دے رہے ہیں،ٹھوکر نیاز بیگ، بابوصابو،  محمود بوٹی انٹرچینج پر داخلہ بند کر دیا گیا جبکہ موٹروے کو بھی کنٹینرز لگا کر آنے اور جانے کے لئے بند کیا گیا  ہے۔کنٹینرز کی دو سطحی رکاوٹیں قائم ،پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا۔امامیہ پھاٹک بند کرنے کیلئے بھی پولیس نے کنٹینرز پہنچادیئے، سگیاں پل، شاہدرہ، آزادی چوک، داتا دربار کا ایک روڈ ٹریفک کیلئے کھلا رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں دفعہ 144نافذ کردی گئی جبکہ رینجرز کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔    پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی فرائض انجام دیں گے جبکہ انتظامیہ پہلے ہی مینار پاکستان کے اطراف بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا چکی ہے۔ لاہور میں آج 10 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دیں گے، پی ٹی آئی لاہور کی قیادت روپوش ہیں جبکہ اب تک شہر بھر میں 600 کارکنان گرفتار ہوچکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے آج لاہور مینار پاکستان پر احتجاج کی کال دی ہوئی ہے،پاکستان تحریک انصاف آج دو پہر2بجے احتجاج کرے گی، احتجاج کی قیادت پنجاب کے صدر حماد اظہر اور لاہور کے صدر شیخ امتیاز کر ینگے، حکومت کی طرف سےاحتجاج کی کال کی وجہ سے شہر کے داخلی راستوں پر کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں۔  آج مینار پاکستان پر بانی تحریک انصاف کی سالگرہ کا جلسہ منعقد کرنے کے اعلان پر بھی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے آزادی فلائی اوور پر کیمپ لگا دیا اور داتا دربار کے قریب روڈ بلاک کیلئے کنٹینر بھی پہنچا دیئے ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تاحال این او سی بھی جاری نہیں کیا گیا۔