ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سفید چھڑی کے عالمی دن پر کنئیرڈ کالج میں خوبصورت تقریب

تین لاکھ ماہانہ آمدن تک  گھرانوں کے بچے اب سکالر شپ پر پڑھیں گے،  رانا سکندر حیات

World White Cane Day, City42, Kinnaird College Lahore, Rana Sikandar Hayat, Special Children
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ثمرہ فاطمہ: بصارت سے محروم شہریوں کے عالمی دن  ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے کے موقع پر کنیئرڈ کالج میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں کالج کی سپیشل سٹوڈنٹس نے خوبصورت گیت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔

 ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے کا مقصد  تمام شہریوں کو بصارت کے مسائل سے نبرد آزما شہریوں کے خصوصی حالات اور ان کی معاونٹ  کی ضروریات کا شعور دینا ہے تاکہ معاشرہ کے تمام افراد سپیشل شہریوں کو ان کی سپیشل ضروریات پوری کرنے میں کسی  کمتری کا احساس دلائے بغیر معاونت کر سکیں۔

ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے کی اس تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی شرکت کی، اس تقریب  کا مقصد بصارت سے محروم افراد کی صلاحیتوں اور ان کی بصارت سے محرومی کے باوجود خودانحصاری کے جذبہ کو سراہنا تھا۔

وزیرتعلیم رانا سکندر حیات نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم طالبات پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے اپنے کنئیرڈ کالج کے ساتھ اپنے طویل تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج کی سپیشل سٹوڈنٹس بھی ایک روز وزیر تعلیم بننےکا خواب دیکھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی یونیورسٹیاں بھی دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل ہو سکتی ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ سپیشل بچوں کو صرف امید دے دی جائے تو وہ کچھ بھی بن سکتے ہیں۔ انہیں مواقع ملیں تو وہ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ اس کالج کی سپیشل سٹوڈنٹ بھی پنجاب اسمبلی میں جا کر سپیشل ایجوکیشن میں انقلاب لا سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کنئیرڈ کالج میں بصارت کے مسائل کے ساتھ آنے والی سٹوڈنٹس اور دیگر سپیشل سٹوڈنٹس کیلئے جو  سپورٹ سسٹم ہے اس سے دوسری یونیورسٹیوں کو بھی سیکھنا چاہئے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ اب چیف منسٹر  مریم نواز ہر سال کنئیرڈ کالج کی تمام سٹوڈنٹس کی تعداد سے چھ گنا زیادہ  فی میل سٹوڈنٹسں کو  سکالر شپ دے رہی ہیں۔  اگر ان بچیوں نے میڈیکل یا اس سے بھی زیادہ مہنگی تعلیم حاصل کرنا ہے تو اس کا خرچ بھی حکومت برداشت کرے گی۔ اس سکالر شپ کو حاصل کرنے کے لئے تین لاکھ روپے ماہانہ تک آمدن والے گھرانوں کے بچے اپلائی کر سکتے ہیں۔ میں کہہ سکتا ہوں کہ آئندہ سال کنئیرڈ کالج کی تمام بچیوں فیس وائس چانسلر کو واپس بھیج رہے ہوں گے اور ان بچیوں کو تعلیم کے آخر تک ایک روپیہ بھی فیس نہیں دینا پرے گی۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ کنئیرڈ کالج  اپنی ہونہارسپیشل بچیوں کے لئے خصوصی آڈیٹوریم بنائے جہاں وہ اپنی سکلز  کو فروغ دینے کے لئے کھل کر سیکھ سکیں۔ سپیشل بچیوں کیلئے جو بھی معاونت کے آلات درکار ہیں ان کی فہرست بھیجی جائے حکومت مہیا کرے گی۔


پرنسپل ڈاکٹر ارم انجم نے بتایا کہ تقریب منعقد کا بصارت سے محروم افراد کی خود مختاری, خود انحصاری اور عزم کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔

بصارت سے محروم اسسٹنٹ کمشنر مبشر شہزاد کا کہنا تھا کہ معذوری اللہ کے رنگوں میں سے ہے، ہمیں اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ مبشر شہزاد شاعر بھی ہیں، انہوں نے اپنی نظم پیش کر کے حاضرین سے خوب دادسمیٹی۔

تقریب کی آرگنائزر   کنئیرڈ  کالج کی لیکچرر نے بتایا کہ عام طور پر تعلیمی اداروں میں سپیشل سٹوڈنٹس کو سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں، کنئیرڈ کالج میںہم نے ان پریویلیجڈ سٹوڈنٹس کو  معمولی سہولیات اور حوصلہ افزائی دی تو انہوں نے ہر فیلڈ میں شاندار پرفارم کیا ہے۔ وہ چمکدار ستاروں کی طرح اُبھر کر آگے آئی ہیں۔ اس تقریب کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ  سپیشل بچوں کو صرف مہربانی اور سپورٹ مل جائے تو وہ بہترین  کارکردگی دکھاتے ہیں۔ 

تقریب میں ایک مختصر ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی جس میں سپیشل بچیوں کو بریل، آڈیو ڈیوائسز اور دیگر آلات کی مدد سے اپنی بصارت کی کمی دور کرنے کے لئے درکار مہارتیں سیکھتے دکھایا گیا تھا۔


تقریب میں نابینا طالبات کی کارکردگی، امتیازات اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی سراہا گیا ۔



تقریب کے اختتام پر رانا سکندر حیات اور مہمانان گرامی کو شیلڈز سے نوازا گیا۔

  ورلڈ وائٹ کین سیفٹی ڈے کی اس خصوصی تقریب میں کنیئرڈ کالج کی پرنسپل  ڈاکٹر ارم انجم، منزہ محمود، طیبہ اظہر، اسسٹنٹ کمشنر مبشر شہزاد، ڈاکٹر غلام فاطمہ، ڈاکٹر اسما عظیم، پروفیسر ڈاکٹر حمیرا بانو سمیت بصارت سے محروم طالبات نے شرکت کی۔ 

تصاویر:  ثاقب بٹ