سٹی42: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امریکی قونصل محترمہ جنرل کرسٹین کے ہاکِنز نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی قونصل جنرل نے تاریخی عمارتوں خصوصا مذہبی مقامات کی بحالی اور تزئین وآرائش کے لئے وزیر اعلی محسن نقوی کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی و ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنانے کیلئے قابل قدر کام کر رہی ہے۔
محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پاکستان میں اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کوآئین کے مطابق یکساں حقوق حاصل ہیں۔مذہبی اور تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لئے جامع پلان مرتب کیا ہے۔ ہماری حکومت لوگوں کی فلاح وبہبود کو محور بنا کریکساں ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔
امریکی قونصل جنرل محترمہ کرسٹین جے ہاکِنز نے کہا کہ امریکی حکومت پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعا ت و ثقافت عامر میر۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور اور امریکی قونصلیٹ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔