فرزانہ صدیق: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں 9 مئی کے واقعات، لانگ مارچ اور توشہ خانہ کی گھڑی فروخت کرنے کے حوالہ سے جعلی رسیدوں کے مقدمات میں چیرمین پی ٹی آئی کی ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئےدوبارہ مقرر کر دی گئیں۔
ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا عمران خان کی ضمانت کی 6 درخواستوں ضمانتوں پر کل جمعہ کے روز سماعت کریں گے۔
چیرمین پی ٹی آئی کے خلاف 9 مئی واقعات پر تھانہ ترنول،رمنا اور کراچی کمپنی میں مقدمات درج کیاگیاتھا، لانگ مارچ کرنے پر تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کیاگیا تھا، تھانہ کوہسار میں توشہ خانہ جعلی رسیدوں پر مقدمہ درج کیاگیاتھا،
سیشن عدالت نے غیرحاضری پر عمران خان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردی تھیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں چیرمین پی ٹی آئی کی خارج کی جاچکی درخواستیں دوبارہ سننے کا فیصلہ سنایاتھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں درخواست دہندہ کو حاضری سے استثنا دینے کا بھی حکم دیاتھا۔