دہشتگردی کا خطرہ ، پاکستان کا بھارت سے قومی ٹیم کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

5 Oct, 2023 | 01:42 PM

Ansa Awais

(ویب ڈیسک)پاکستان نے احمد آباد میں دہشتگردی کے خدشے کے حوالے سے چلنے والی رپورٹس پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا میزبان ملک ہماری کرکٹ ٹیم کو عالمی کپ میں تحفظ فراہم کرے، سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کو بھارتی ویزے نہ ملنے سے ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا عالمی کپ میں پاکستانیوں کو ویزوں کے اجرا کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں، بطور میزبان بھارت پاکستانی شائقین کے عالمی کپ دیکھنے میں رکاوٹیں نہ ڈالے، امید کرتے ہیں پاکستانیوں کو عالمی کپ کرکٹ دیکھنے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے، بھارت سیاست کو کھیلوں کے ساتھ مکس نہ کرے۔انہوں نے بتایا کہ ٹرانس ہمالیہ فورم کا آغاز جغرافیائی رابطے اور ماحولیاتی تحفظ بڑھانے کیلیےکیا گیا، نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ٹرانس ہمالیہ فورم سے خطاب کیا اور چینی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کی، ملاقات میں سی پیک، باہمی تزویراتی رابطوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوئے، فریقین کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدے پر پیش رفت ہوئی، پاکستان نے جنیوا میں او آئی سی گروپ کے ساتھ منافرت اور امتیاز کے خاتمے کے لیے تقریب کا انعقاد کیا۔مسئلہ کشمیر سے متعلق سوال پر ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا بھارتی قابض فوج کا جموں و کشمیر میں مظالم کا سلسلہ جاری ہے، ستمبر میں 13 بے گناہ کشمیریوں کو قتل کیا گیا، بھارتی مظالم جنیوا کنونشن، اقوام متحدہ انسانی حقوق کی سرعام خلاف ورزی ہیں، بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل پراپیگنڈے میں ملوث ہے، بھارت خود پاکستان میں دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

مزیدخبریں