یاماہا موٹرسائیکل خریدنا آسان ہوگیا، خریداروں کیلئے بڑا ریلیف

5 Oct, 2022 | 10:32 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، گزشتہ دنوں یاماہا نے اپنی تمام موٹر سائیکلز کی قیمتوں میں اضافہ کیا، کمپنی نے خریداروں کی مشکل کا حل نکالتے خاص آفر دی ہے جس سے یاماہا کے مختلف ماڈلز خریدنا آسان ہوگیا ہے۔

تفصیلات کےمطابق بائیکس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی وجہ سےخریداروں میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے، یاماہا بائیکس کی قیمتوں میں گزشتہ چند سالوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کمپنی نے صارفین کی مشکلات کے ازالے کے لئے نیا منصوبہ شروع کیا ہے جس کی مدد سے خریدار آسانی سے یاماہا کی موٹرسائیکل کے مالک بن سکتے ہیں، کمپنی نے  صفر مارک اپ قسط کا منصوبہ شروع کیا ہے۔ پلان کے مطابق صارفین صفر سود کے ساتھ اقساط پر موٹر سائیکل حاصل کر سکتے ہیں جسے انہیں 4 ماہ میں مکمل کرنا ہوگا۔

اس قسط کے منصوبے کی کچھ شرائط  بھی ہیں، یہ منصوبہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دستیاب ہوگا،خریدار صرف یاماہا کی مجاز ڈیلرشپ سے اس آفر کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس کے علاوہ کمپنی کا صارفین کے لئےکوئی اور قسط کا منصوبہ نہیں ہے۔

اس منصوبے کے تحت کمپنی کو  50 فیصد  پیمنٹ ادا کرنا ہوگی جبکہ باقی رقم اگلے چار مہینوں میں ادا کرنا ہوگی، کمپنی نے اپنے مختلف ماڈلز کی ادائیگی کا شیڈول بھی درج کیا ہے۔

واضح رہے کہ یاماہا نے اس سال پانچویں بار تمام بائیکس کی قیمتوں میں اضافہ کیا۔ اضافے کے بعد یاماہا کی سب سے مقبول بائیک وائی بی آر 125 جی ہے جس کی قیمت 331000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں