وزیراعظم شہبازشریف فلڈ ریلیف ویلیج کے 100 گھر تیار   

5 Oct, 2022 | 06:32 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف فلڈ ریلیف ویلیج کے 100 گھر تیار ہوگئے، متاثرین سیلاب سے وزیراعظم نے وعدہ پورا کردکھایا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے منزیز گلوبل ایوی ایشن‘ کے ’سی ای او‘ فلپ جوئیننگ نے ملاقات کی، وزیراعظم نے فلپ جوئیننگ کا 100 گھر تعمیر کرنے پر شکریہ ادا کیا ،وزیراعظم نے 2ستمبر کو ٹانک کے دورے کے دوران 100 مکانات کی تعمیر کا وعدہ کیا تھا ،3 ستمبر کو جگہ منتخب ہوئی، 7 ستمبر کو دونوں مقامات کا سروے مکمل کرکے 11 ستمبر کو تعمیرکا آغاز ہوا۔

 ٹانک میں سیلاب متاثرین کیلئے ان گھروں کو 5 اکتوبر کو ریکارڈ24 دن میں تعمیرکیا گیا،گھروں کی تعمیر کے علاوہ سولر سسٹم کی سہولت سے آراستہ سکول، کلینک اور ٹیوب ویل بھی قائم کئے گئے ہیں ،یہ گھرسخت موسمی حالات کا مقابلہ کرسکتے ہیں، جدید تعمیراتی مواد اور ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ،سکول کمپیوٹر سمیت جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔

اس کے علاوہ کلینک کے ذریعے مقامی آبادی کی صحت اور علاج کی سہولیات ممکن ہوں گی ،ملک کے ممتاز آرکیٹیکٹ علی نقوی نے گھروں کا نقشہ تیار کیا ،بستی کے ارد گرد 9000 مقامی نوعیت کے درختوں کی شجر کاری بھی کی گئی ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آپ کا جذبہ قابل تعریف اور 100 گھروں کی تعمیر سیلاب متاثرین کی آبادکاری میں اہم قدم ثابت ہوگی۔

یاد رہے کہ گروپ نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے سیلاب میں مٹھن کوٹ، راجن پور میں 270 گھر بنائے تھے ،گروپ پاکستان میں ہوابازی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کرنے اور سکئینگ ریزارٹ بنانے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔

مزیدخبریں