لاہور میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا

5 Oct, 2022 | 05:37 PM

Imran Fayyaz

(شہزاد خان ابدالی)شہر کے مختلف علاقوں اور یوٹیلیٹی سٹورز پر سستا آٹا نایاب ہوگیا ،شاہدرہ،جی ٹی روڈ ،شمالی لاہور ،گلبرگ، بند روڈ ،اندرون شہر سمیت متعدد علاقوں میں شہری سستے آٹے کیلئے خوار ہونے لگے،کہتے ہیں ،اس حکومت نے عزت نفس مجروح کردی ۔

لاہور میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا ،ریلوے کیرج شاپ، مغلپورہ، دھرم پورہ ،لال پل داروغہ والا ، گلشن راوی ،بند روڈ کی آبادیوں میں کریانہ شاپس پر آٹا موجود نہیں، گلبرگ کے علاقوں حسین آباد ،مکہ کالونی ،مدینہ کالونی ،گورومانگٹ روڈ پر آٹا دستیاب نہیں،رحمت کالونی شاہدرہ ،وانڈالہ روڈ پر بھی آٹا نایاب ہوگیا۔دکانداروں کا کہنا ہے۔ لائسنس ہولڈرز کریانہ سٹورز کو بھی آٹا نہیں مل رہا ۔

دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی آٹے کی سپلائی انتہائی کم ہوگئی،یوٹیلیٹی سٹورز پر بھی شہری سستے آٹے کیلئے خوار ہونے لگے۔پوش علاقوں کے یوٹیلیٹی سٹورز سے بھی لوگ مایوس واپس لوٹنے لگے۔

شہریوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کے بحران کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کریں اور عوام کو اس بحران سے نجات دلائیں۔
 

مزیدخبریں