رضوان نقوی: لاہور کی قدیم ثقافت اجاگر کرنے کیلئے دہلی گیٹ میں کرافٹ گھر قائم کردیا گیا۔ دستکاری کے فن پارے مرکز نگاہ ہیں۔ والڈ سٹی اتھارٹی کے مطابق کرافٹ گھر مقامی آرٹ اور دستکاری کے فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا.
اندرون لاہور کا تاریخی ورثہ مقامی ہنرمندوں اور دستکاروں کے روزگار کا باعث بنے گا۔۔ ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے دہلی گیٹ میں کرافٹ گھر کا افتتاح کر دیا۔۔ کامران لاشاری کہتے ہیں کہ کرافٹ گھر کے قیام کا مقصد مقامی طور پر بننے والے نوادرات کے ساتھ ساتھ پرانے لاہور کے ماسٹر کاریگروں کے فن کواجاگر کرنا ہے۔
والڈ سٹی اتھارٹی اور دیگر کمپنیوں نے ٹی شرٹس، ٹوپیاں، مگ، فائل فولڈرز، پانی کی بوتلیں، پینٹنگز ، ٹیبل سیٹ سمیت دستکاری کے مختلف فن پاروں سے کرافٹ گھر کو مزین کردیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کرافٹ عائشہ خان نے بتایا کہ پرانے لاہور کے کاریگروں کی مصنوعات فروخت کیلئے پیش کی گئی ہیں۔
کرافٹ گھر میں گل خان ٹرک آرٹ، پولی اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے فن پارے آویزاں کئے گئے ہیں۔ کرافٹ گھر ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بھی بنے گا۔