عابد چودھری: شیرا کوٹ میں خاتون نے سابقہ شوہر پر تیزاب پھینک دیا، ایک ہفتہ قبل ساجد خان نے دوسری شادی کی۔
تفصیلات کے مطابق ملزمہ صدف نے اپنے سابقہ شوہر پر تیزاب پھینک دیا، صدف کو ساجد خان نے 3 سال پہلے طلاق دے دی تھی۔ دوسری شادی کے رنج میں آکر ملزمہ نے انتقام کیلئے یہ سب کیا ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمہ بھکاری کے روپ میں گلی میں موجود تھی اور جیسے ہی اسے موقع ملا اس نے ساجد پر تیزاب پھینک دیا۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ساجد خان کی گردن، کان اور کمر کا حصہ متاثر ہوا ہے، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمہ صدف کو گرفتار کر لیا۔
عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے خوفناک رحجان کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں تشدد، قتل وغارت اور تیزاب گردی جیسے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، یوں دکھائی دیتا ہے جیسے افراد کی اکثریت کی قوت برداشت ختم ہوچکی ہے اور رواداری جیسی اعلیٰ صفت معاشرے سے عنقا ہوچکی ہے۔
ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ عدم برداشت کسی بھی جرم کی سب سے بنیادی وجہ ہے، اگر صرف برداشت کی صلاحیت کو مضبوط کر لیا جائے تو کسی بھی معاشرے سے 90 فیصد جرائم کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات حقیقت کے بالکل قریب ہے کیونکہ ہر جرم کی داستان کے پیچھے عدم برداشت کا عنصر نمایاں نظر آتا ہے۔