سبسڈی ختم، یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیا برائے نام رہ گئیں

5 Oct, 2021 | 10:56 AM

Sughra Afzal

ٹاؤن شپ (سعید احمد سعید) یوٹیلیٹی سٹورز اوپن مارکیٹ سے بھی مہنگے، وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے سبسڈی ختم کرنے کا انکشاف، ضلعی حکومت اور یوٹیلیٹی سٹورز حکام کی ریٹ لسٹ میں چاول اور دالوں کی قیمتوں میں واضح فرق سامنے آگیا۔

یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیا برائے نام رہ گئیں، وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی سٹورز کیلئے سبسڈی ختم کردی گئی، سٹورز پر سَستی بتا کر بیچی جانے والی اشیا اوپن مارکیٹ سے بھی مہنگے داموں دستیاب ہیں، یوٹیلیٹی سٹورز پر چاول سپر باسمتی 140 روپے میں فروخت ہورہا، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی ریٹ لسٹ میں 120 روپے کلو ہے۔ اسی طرح دال چنا 145، جبکہ اوپن مارکیٹ میں 140 روپے میں دستیاب ہے، دال ماش 265، لیکن اوپن مارکیٹ میں ریٹ 240 روپے کلو ہے۔ دال مونگ 210، مگر اوپن مارکیٹ میں 125 روپے کلو فروخت ہورہی۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر کالے چنے 155 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں قیمت 130 روپے کلو ہے، سفید چنے کا ریٹ 160 جبکہ اوپن مارکیٹ میں 150 روپے کلو ہے۔

شہری قیمتوں میں واضح فرق کے باعث حکومتی پالیسیوں پر برس پڑے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اب تو دال کھانا بھی مشکل ہو گیا۔

دوسری جانب  یوٹیلیٹی  سٹورز کارپوریشن نے اپنے سٹورز کیلئے گرم مصالحے خریدنے کا فیصلہ کرلیا، اس حوالے سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے سٹورز کیلئے 72 ہزار دو سو کلو گرام گرم مصالحہ خریدا جائے گا، خریدے جانیوالے گرم مصالحہ جات میں سرخ مرچ، ہلدی، خشک دھنیا، دار چینی، سبز الائچی، بڑی الائچی شامل ہیں۔

مزیدخبریں